Jump to content

دکھائے معجزے گر وہ بت عیار چٹکی میں

From Wikisource
دکھائے معجزے گر وہ بت عیار چٹکی میں
by نسیم بھرتپوری
323711دکھائے معجزے گر وہ بت عیار چٹکی میںنسیم بھرتپوری

دکھائے معجزے گر وہ بت عیار چٹکی میں
تو بولے طائر رنگ حنا ہر بار چٹکی میں

حنائی فندقیں ہیں سرخ ہے سوفار چٹکی میں
کھلایا ہے مرے قاتل نے کیا گل زار چٹکی میں

ستاری ہے تمہاری یا کہ نغموں کا خزانہ ہے
بنی مضراب بھی منقار موسیقار چٹکی میں

ملے گر خاک در تیری تو ہے اکسیر کی چٹکی
ابھی ہوتا ہے اچھا یہ دل بیمار چٹکی میں

لیا تھا اس زمیں میں امتحان طبع یاروں سے
کئے موزوں یہ ہم نے اے نسیمؔ اشعار چٹکی میں


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.