دل کا گلہ فلک کی شکایت یہاں نہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دل کا گلہ فلک کی شکایت یہاں نہیں
by مصطفٰی خان شیفتہ

دل کا گلہ فلک کی شکایت یہاں نہیں
وہ مہرباں نہیں تو کوئی مہرباں نہیں

ہم آج تک چھپاتے ہیں یاروں سے راز عشق
حالانکہ دشمنوں سے یہ قصہ نہاں نہیں

زیبا نہیں ہے دوست سے کرنا معاملہ
کچھ ورنہ ناز جان کے بدلے گراں نہیں

ہم زمرۂ رقیب میں مل کر وہاں گئے
جب شوق رہ نما ہو کوئی پاسباں نہیں

آشفتہ مثل باد ہوں بیتاب مثل برق
کیونکر معین چرخ تری شوخیاں نہیں

ہم آپ پر نثار کریں کائنات کو
پر کیا کریں بساط میں جز نیم جاں نہیں

سامان وجد فتنۂ محشر کو دے دیا
وہ خاک پر ہماری جو دامن کشاں نہیں

کیوں ہیں ندیم دوست سفارش میں غیر کی
کیا ہم کو ان سے رسم و رہ ارمغاں نہیں

اک حال خوش میں بھول گئے کائنات کو
اب ہم وہاں ہیں مطرب و ساقی جہاں نہیں

کس کس پہ رشک کیجیے کس کس کو روئیے
کس دن وہ جلوہ آفت صدخانماں نہیں

کیوں یہ ہجوم شور و شغب ہے نشور میں
ایسا تو شیفتہؔ ہمیں خواب گراں نہیں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse