دل سے کیا پوچھتا ہے زلف گرہ گیر سے پوچھ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دل سے کیا پوچھتا ہے زلف گرہ گیر سے پوچھ
by امداد امام اثر

دل سے کیا پوچھتا ہے زلف گرہ گیر سے پوچھ
اپنے دیوانے کا احوال تو زنجیر سے پوچھ

میری جاں بازی کے جوہر نہیں روشن تجھ پر
کچھ کھلے ہیں تری شمشیر پہ شمشیر سے پوچھ

پرسش حال کو جاتی ہے کہاں اے لیلیٰ
قیس کی شکل ہے کیا قیس کی تصویر سے پوچھ

واقف راز نہیں پیر مغاں سا کوئی
ہے دلا پوچھنا جو کچھ تجھے اس پیر سے پوچھ

واقف لذت آزار نہیں ہر کوئی
کیا مزا غم میں ہے یہ عاشق دلگیر سے پوچھ

گرمیٔ شوق نہیں ہے تو دہن میں اے شمع
کس لیے تیری زباں لیتا ہے گلگیر سے پوچھ

الٹی کیوں پڑتی ہے تدبیر یہ ہم کیا جانیں
کون الٹ دیتا ہے اس راز کو تدبیر سے پوچھ

مجھ سے اے داور محشر ہے یہ پرسش کیسی
پوچھنا ہے تجھے جو کچھ مری تقدیر سے پوچھ

یوں تو استاد فن شعر بہت سے گزرے
کس کو کہتے ہیں غزل گوئی اثرؔ میرؔ سے پوچھ

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse