دل اسے دے دیا سخیؔ ہی تو ہے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دل اسے دے دیا سخیؔ ہی تو ہے
by سخی لکھنوی

دل اسے دے دیا سخیؔ ہی تو ہے
مرحبا پرورش علی ہی تو ہے

دل دیا ہے دلاوری ہی تو ہے
جان بھی اس کو دیں گے جی ہی تو ہے

کیوں حسینوں کی آنکھ سے نہ لڑے
میری پتلی کی مردمی ہی تو ہے

نہ ہوئی ہم سے عمر بھر سیدھی
ابروئے یار کی کجی ہی تو ہے

عارض اس کا نہ دیکھوں مر جاؤں
زندگی میری عارضی ہی تو ہے

نہ ہنسے وہ نہ گل دہن کا کھلا
ابھی نام خدا کلی ہی تو ہے

کی خطابت کو گر خدا سمجھا
بندہ بھی آخر آدمی ہی تو ہے

گال میں واں ہوا کے صدمہ سے
پڑ گیا نیل نازکی ہی تو ہے

آج کیوں چونک چونک پڑتے ہو
اس مکاں میں فقط سخیؔ ہی تو ہے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse