جی رہے یا نہ رہے ہر قدم یار نہ چھوڑ

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
جی رہے یا نہ رہے ہر قدم یار نہ چھوڑ
by قاسم علی خان آفریدی

جی رہے یا نہ رہے ہر قدم یار نہ چھوڑ
اے پتنگے تو کبھی شمع کا انوار نہ چھوڑ

شمع تجھ کو بھی مناسب تو وہاں تک جل جا
سر سے تا پائے تلک رشتۂ زنار نہ چھوڑ

لب شیریں سے اگر ہو نہ ترا لب شیریں
کوہ کن تو بھی تو اب دامن کہسار نہ چھوڑ

لیلا ہاتھ آوے نہ آوے ملے جو ناقہ سوار
حال غم سے وہ کرے منع پر اظہار نہ چھوڑ

لفظ تو نے جو کہے ہیں وو ہی حق اے منصور
کلمۃ الحق کو مگر تا بہ دم دار نہ چھوڑ

اے زلیخا مہ کنعاں کو لے دے مال متاع
پیش بایع کے کوئی مشتری زنہار نہ چھوڑ

اس نصیحت کو مری مان بقول افریدیؔ
جی رہے یا نہ رہے پر قدم یار نہ چھوڑ

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse