جو بات ہے تیری سو نرالی
Appearance
جو بات ہے تیری سو نرالی
عشاق کشی نئی نکالی
تیر مژگان بھی ہے اس پر
ابرو کی تیغ بھی سنبھالی
سمجھے ہے ظاہراً وہ دل کی
دیتا ہے جو در جواب گالی
ناخن زن ہیں بدل یہ انگشت
یہ صرف نہیں حنا کی لالی
ہیں روز ازل سے ہم گرفتار
دیکھی نہ کبھو فراغ بالی
تو تو ہے ہی پہ میں بھی پیارے
ہوں بے پروائی لاابالی
کس طرح دکھاؤں آہ تجھ کو
میں اپنی یہ خراب حالی
ہم ہیں بندے دنی و اسفل
اور آپ کا ہے مزاج عالی
آئینۂ دل میں محو ہو کر
صورت ہی کچھ اور اب نکالی
ہے تجھ سے ہی عاشقوں کی خوبی
یا حضرت دردؔ میرے والی
دیوان اثرؔ تمام دیکھا
ہے اس میں ہر ایک شعر عالی
This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |