Jump to content

جب تجھ عرق کے وصف میں جاری قلم ہوا

From Wikisource
جب تجھ عرق کے وصف میں جاری قلم ہوا
by ولی دکنی
294194جب تجھ عرق کے وصف میں جاری قلم ہواولی دکنی

جب تجھ عرق کے وصف میں جاری قلم ہوا
عالم میں اس کا ناؤں جواہر رقم ہوا

نقطے پہ تیرے خال کے باندھا ہے جن نے دل
وو دائرہ میں عشق کے ثابت قدم ہوا

تجھ فطرت بلند کی خوبی کوں لکھ قلم
مشہور جگ کے بیچ عطارد رقم ہوا

طاقت نہیں کہ حشر میں ہووے وو دادخواہ
جس بے گنہ پہ تیری نگہ سوں ستم ہوا

بے منت شراب ہوں سر شار انبساط
تجھ نین کا خیال مجھے جام جم ہوا

جن نے بیاں لکھا ہے مرے رنگ زرد کا
اس کوں خطاب غیب سوں زریں رقم ہوا

شہرت ہوئی ہے جب سے ترے شعر کی ولیؔ
مشتاق تجھ سخن کا عرب تا عجم ہوا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.