Jump to content

تیس دن کے لئے ترک مے و ساقی کر لوں

From Wikisource
تیس دن کے لئے ترک مے و ساقی کر لوں
by شبلی نعمانی
294172تیس دن کے لئے ترک مے و ساقی کر لوںشبلی نعمانی

تیس دن کے لئے ترک مے و ساقی کر لوں
واعظ سادہ کو روزوں میں تو راضی کر لوں

پھینک دینے کی کوئی چیز نہیں فضل و کمال
ورنہ حاسد تری خاطر سے میں یہ بھی کر لوں

اے نکیرین قیامت ہی پہ رکھو پرسش
میں ذرا عمر گزشتہ کی تلافی کر لوں

کچھ تو ہو چارۂ غم بات تو یک ہو جائے
تم خفا ہو تو اجل ہی کو میں راضی کر لوں

اور پھر کس کو پسند آئے گا ویرانۂ دل
غم سے مانا بھی کہ اس گھر کو میں خالی کر لوں

جور گردوں سے جو مرنے کی بھی فرصت مل جائے
امتحان دم جاں پرور عیسی کر لوں

دل ہی ملتا نہیں سفلوں سے وگرنہ شبلیؔ
خوب گزرے فلک دوں سے جو یاری کر لوں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.