تیرے عاشق کو طلب گل کی نہ گلزار کی تھی

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
تیرے عاشق کو طلب گل کی نہ گلزار کی تھی
by جمیلہ خدا بخش

تیرے عاشق کو طلب گل کی نہ گلزار کی تھی
جوش وحشت میں ہوس وادیٔ پر خار کی تھی

تیرے جھونکوں نے اڑایا ہے جسے وقت سحر
اے صبا خاک وہ میرے دل بیمار کی تھی

چمن عشق و محبت میں بسان نرگس
آنکھ حسرت سے کھلی طالب دیدار کی تھی

شب تاریک سے فرقت کی میں کیوں گھبراتا
وہ سیاہی بھی ترے گیسوئے خم دار کی تھی

خواہش دید پہ بیکار بگڑ جاتے ہیں
یہ تو فرمائیے کیا بات یہ تکرار کی تھی

وہ جو اٹھے تو قیامت نے اٹھایا سر کو
وہ بھی محتاج مگر قامت دل دار کی تھی

ضعف نے کر دیا خاموش جمیلہؔ ورنہ
ہم سے رونق تو کبھی کوچۂ دل دار کی تھی

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse