تکلف نہیں ہم سے زیبا تمہارا
Appearance
تکلف نہیں ہم سے زیبا تمہارا
تمہارے ہمارے ہمارا تمہارا
لیا دل تو لو جان بھی کیوں رہے جی
تمنا ہماری تقاضا تمہارا
یہ تصویر چہرہ اتر کیوں گیا ہے
کھنچے کس سے ہو کیا ہے نقشہ تمہارا
نہ تیر آہ کا دست قدرت میں اپنے
نہ شمشیر ابرو پہ قبضہ تمہارا
چلے ہم تو حسرت ہی لے کر رقیبو
مبارک رہے تم کو پیارا تمہارا
رقیبوں سے لڑنے کا قصہ نہ پونچھو
فضیحت ہماری تماشا تمہارا
نہ تحریر خط ہے نہ بیت ابرویں ہیں
یہ مضموں ہمارا وہ فقرا تمہارا
میں اپنے ہی جذبہ کا قائل تھا لیکن
غضب ہے مری جان غصہ تمہارا
مجھے اور سے کیا میں عاشق ہوں پیارے
تمہارا تمہارا تمہارا تمہارا
سلیماں ہوں پر یوں اگر خاک ہو کر
عمل میں ہو نقش کف پا تمہارا
خفا ہوتے کیوں ہو کہ رکھتا ہے پیارے
نہ جذبہ ہمارا نہ جلوہ تمہارا
نسیمؔ اس چمن میں گل تر کی صورت
پھٹے کپڑے رکھتے ہیں پردہ تمہارا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |