ترا کیا کام اب دل میں غم جانانہ آتا ہے
ترا کیا کام اب دل میں غم جانانہ آتا ہے
نکل اے صبر اس گھر سے کہ صاحب خانہ آتا ہے
نظر میں تیری آنکھیں سر میں سودا تیری زلفوں کا
کئی پریوں کے سائے میں ترا دیوانہ آتا ہے
وفور رحمت باری ہے مے خواروں پہ ان روزوں
جدھر سے ابر اٹھتا ہے سوئے مے خانہ آتا ہے
لگی دل کی بجھائے بیکسی میں کون ہے ایسا
مگر اک گریۂ حسرت کہ بے تابانہ آتا ہے
انہیں سے غمزے کرتی ہے جو تجھ پر جان دیتے ہیں
اجل تجھ کو بھی کتنا ناز معشوقانہ آتا ہے
پریشانی میں یہ عالم تری زلفوں کا دیکھا ہے
کہ اک اک بال پر قربان ہونے شانہ آتا ہے
چھلک جاتا ہے جام عمر اپنا وائے ناکامی
ہمارے منہ تلک ساقی اگر پیمانہ آتا ہے
وہ بت ہی مہرباں سب اپنا اپنا حال کہتے ہیں
لب خاموش تجھ کو بھی کوئی افسانہ آتا ہے
طلسم تازہ تیرا سایۂ دیوار رکھتا ہے
بدلتا ہے پری کا بھیس جو دیوانہ آتا ہے
یہ عظمت رہ کے زاہد ان بتوں میں ہم نے پائی ہے
کہ کعبہ ہم کو لینے تا در مے خانہ آتا ہے
دو رنگی سے نہیں خالی عدم بھی صورت ہستی
کوئی ہشیار آتا ہے کوئی دیوانہ آتا ہے
ہما یوں استخوان سوختہ پر میرے گرتا ہے
تڑپ کر شمع پر جیسے کوئی پروانہ آتا ہے
ادھر ہیں حسن کی گھاتیں ادھر ہیں عشق کی باتیں
تجھے افسوں تو مجھ کو اسے پری افسانہ آتا ہے
کلیجا ہاتھ سے اہل طمع کے چاک ہوتا ہے
صدف آسا اگر مجھ کو میسر دانہ آتا ہے
نمک جلاد چھڑکا چاہتا ہے میرے زخموں پر
مزے کا وقت اب اے ہمت مردانہ آتا ہے
زبردستی کا دھڑکا وصل میں تم کو سمایا ہے
کدھر ہو ہوش میں آؤ کوئی آیا نہ آتا ہے
الٰہی کس کی شمع حسن سے روشن ہے گھر میرا
کہ بن جاتا ہے جگنو آج جو پروانہ آتا ہے
وہ عاشق خال و خط کا ہوں نذر مور کرتا ہوں
میسر تیسرے دن بھی جو مجھ کو دانہ آتا ہے
امیرؔ اور آنے والا کون ہے گور غریباں پر
جو روشن شمع ہوتی ہے تو ہاں پروانہ آتا ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |