Jump to content

تجھ قید سے دل ہو کر آزاد بہت رویا

From Wikisource
تجھ قید سے دل ہو کر آزاد بہت رویا
by مرزا محمد رفیع سودا
294230تجھ قید سے دل ہو کر آزاد بہت رویامرزا محمد رفیع سودا

تجھ قید سے دل ہو کر آزاد بہت رویا
لذت کو اسیری کی کر یاد بہت رویا

تصویر مری تجھ بن مانیؔ نے جو کھینچی تھی
انداز سمجھ اس کا بہزادؔ بہت رویا

نالے نے ترے بلبل نم چشم نہ کی گل کی
فریاد مری سن کر صیاد بہت رویا

جوئیں پڑی بہتی ہیں جا دیکھ گلستاں میں
تجھ قد سے خجل ہو کر شمشاد بہت رویا

آئینہ جو پانی میں ہے غرق یہ باعث ہے
تجھ سخت دلی آگے فولاد بہت رویا

یاں تک مرے مشہد سے ہے تشنہ لبی پیدا
اس سمت جو ہو گزرا جلاد بہت رویا

سوداؔ سے یہ میں پوچھا دل میں بھی کسی کو دوں
وہ کر کے بیاں اپنی روداد بہت رویا


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.