بھولا ہے بعد مرگ مجھے دوست یاں تلک

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
بھولا ہے بعد مرگ مجھے دوست یاں تلک
by گویا فقیر محمد

بھولا ہے بعد مرگ مجھے دوست یاں تلک
سگ بھی نہ اس کا آیا مری استخواں تلک

گو ہم قفس سے جا نہ سکے بوستاں تلک
اڑ اڑ کے رنگ چہرہ گیا پر وہاں تلک

بلبل ہجوم گل ہے چمن میں یہاں تلک
پھولوں سے چھا گیا ہے ترا آشیاں تلک

کب پہنچی آہ ضعف سے گوش بتاں تلک
سو جا ٹھہر کے سینے سے آئی زباں تلک

پرواز پیش ازیں تھی مری آسماں تلک
اب تو چمن سے جا نہ سکوں آشیاں تلک

ایسا کیا ضعیف غم انتظار نے
آنکھوں کو میری بار ہے خواب گراں تلک

عالم ہوں علم عشق کا میں کر نہ ہم سری
اے عندلیب تو ہے پڑی بوستاں تلک

اس مہ کے وصف سے یہ ہوا مرتبہ بلند
پہنچی مری غزل کی زمیں آسماں تلک

پاس ادب رہا ہے جنوں میں بھی اس قدر
آتا ہوں سجدے کرتا ترے آستاں تلک

اس مست کے ہیں گیسوؤں کے سلسلے میں ہم
ساقی مرید جس کا ہے پیر مغاں تلک

رکھیں ادب سے پاؤں نہ ہم تیری راہ میں
باہر جب آپ سے ہوں تو پہنچیں وہاں تلک

فصل خزاں میں گل کا تو آنا محال ہے
بجلی ہی کاش آئے مری آشیاں تلک

کیوں کر نہ سر پھرے مرا اس تیغ کے لیے
گردش سی جستجو میں ہے مرگ نشاں تلک

سو بار اپنی فکر عدم سے پرے گئی
لیکن نہ پہنچی یار کے موئے بیاں تلک

اس حور کا مکان ہے جنت سے بھی پرے
رضواں پہنچ سکے نہ کبھی پاسباں تلک

اس درجہ فرط ضعف سے ہم پیچھے رہ گئے
پہنچی نہ آہ بھی جرس کارواں تلک

دل میں ہمارے اس کی محبت نے گھر کیا
پہنچا ہے اس مکان سے جو لا مکاں تلک

اللہ رے دماغ ذرا دیکھ اے ہما
آیا نہ بے طلب سگ یار استخواں تلک

اس ماہ نے جو سر مرا ٹھکرایا پاؤں سے
پہنچا دماغ آج مرا آسماں تلک

نخل مراد یار ہوا آج بارور
صد شکر کٹ کے سر مرا پہنچا سناں تلک

پھر جائے تیر آ کے وہ برگشتہ بخت ہوں
رخ پھیرے دیکھ کر مجھے اس کی کماں تلک

مرنے کے بعد ہے سگ جاناں کا انتظار
کہہ دو ہما نہ آئے مری استخواں تلک

سو بار آ کے موت بھی فرقت میں پھر گئے
برگشتگی نصیب کی کہیے کہاں تلک

گویاؔ یہ ناتوانی کا احسان مجھ پہ ہے
آنے دیا نہ یار کا شکوہ زباں تلک

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse