بلبل کو خار خار دبستاں ہے ان دنوں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
بلبل کو خار خار دبستاں ہے ان دنوں
by حیدر علی آتش

بلبل کو خار خار دبستاں ہے ان دنوں
ہر طفل کی بغل میں گلستاں ہے ان دنوں

زنار عشق بت میں رگ جاں ہے ان دنوں
ناقوس برہمن دل نالاں ہے ان دنوں

آباد میرا خانۂ ویراں ہے ان دنوں
سیلاب مجھ غریب کا مہماں ہے ان دنوں

دامن ہے اپنے ہاتھ میں اک رشک ماہ کا
پیش نظر ہلال گریباں ہے ان دنوں

باغ جہاں میں جو ہے گرفتار ہے ترا
آزاد ایک سرو گلستاں ہے ان دنوں

کہتے ہیں ہم زمین میں مجنوں کی اب غزل
ہر بیت اپنی خانۂ زنداں ہے ان دنوں

کافر ہو اے صنم جو خریدے نہ تو اسے
مہندی کے مول خون مسلماں ہے ان دنوں

ہنگامہ حسن و عشق کا ہے گرم آج کل بہت
دیوانہ پری ہے جو انساں ہے ان دنوں

مستی کا ان لبوں کے فسانہ کہاں نہیں
مجلس نہیں وہ جو نہیں حیراں ہے ان دنوں

صدقے چکور ہوتے ہیں رخسار یار کے
وہ ماہ چار دہ مہ تاباں ہے ان دنوں

آتا ہے سیر باغ کو وہ گوہر مراد
پھیلائے گل کے پاس جو داماں ہے ان دنوں

قد سرو چہرہ گل ہے تو سنبل ہیں موئے یار
گھر خانہ باغ ہے جو وہ مہماں ہے ان دنوں

جوہر شناس جمع ہیں آتشؔ ہے معرکہ
شمشیر ہے وہی کہ جو عریاں ہے ان دنوں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse