ایسا کہاں حباب کوئی چشم تر کہ ہم

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
ایسا کہاں حباب کوئی چشم تر کہ ہم
by تاباں عبد الحی

ایسا کہاں حباب کوئی چشم تر کہ ہم
لب خشک یہ محیط ہے کب اس قدر کہ ہم

ایسا نہیں غریب کوئی گھر بہ گھر کہ ہم
ایسا نہیں خراب کوئی در بدر کہ ہم

مدام ہی مشبک مژگان یار ہے
لیکن نہ اس قدر رہے خستہ جگر کہ ہم

گو آج ہم ہیں بے سر و پا دیکھیے کہ کل
یہ راہ پل صراط کرے شیخ سر کہ ہم

ہم بحثتے ہیں چاک گریباں پہ تیرے ساتھ
اور دیکھیے کہ ہم سے رہے تو سحر کہ ہم

روتے عدم سے آئے تھے روتے ہی جائیں گے
ایسا نہیں ازل سے کوئی نوحہ گر کہ ہم

دنیا کہ نیک و بد سے مجھے کچھ خبر نہیں
اتنا نہیں جہاں میں کوئی بے خبر کہ ہم

پوچھا میں اس سے کون ہے قاتل مرا بتا
کہنے لگا پکڑ کے وہ تیغ و سپر کہ ہم

دیواں ہمارا غور سے تاباںؔ تو دیکھ تو
رکھتا ہے کب محیط یہ گنج گہر کہ ہم

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse