Jump to content

اگر میں معجزے کو خاکساری کے عیاں کرتا

From Wikisource
اگر میں معجزے کو خاکساری کے عیاں کرتا
by ولی عزلت
299463اگر میں معجزے کو خاکساری کے عیاں کرتاولی عزلت

اگر میں معجزے کو خاکساری کے عیاں کرتا
بگولے سا بنا اور ہی زمیں و آسماں کرتا

مجھے حق گلشن ایجاد کا گر باغباں کرتا
تو اشک بلبلوں کو آبیار گلستاں کرتا

گلہ دل سختیٔ احباب کا گر میں بیاں کرتا
صدف سا پل میں آنسو عقدۂ دل کے رواں کرتا

جو دیوان قضا کی پیشکاری حق مجھے دیتا
تو ریشے سرو کے مژگان چشم قمریاں کرتا

خدا گر خانہ سامان قضا کرتا یہ عزلتؔ کو
تو پروانوں کی راکھ اے شمع صبح آسماں کرتا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.