اڑاؤں نہ کیوں تار تار گریباں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
اڑاؤں نہ کیوں تار تار گریباں
by قلق میرٹھی

اڑاؤں نہ کیوں تار تار گریباں
کہ پردہ دری ہے شعار گریباں

ہر اک تار ہے دست گیر تماشا
کیا ضعف نے شرمسار گریباں

کتان و گل و سینۂ اہل حسرت
بہت چیز ہیں یادگار گریباں

اگر دشمنی بخیہ گر کو نہیں
تو کیوں اس قدر دوست دار گریباں

یہیں قید رسم خلائق پسند
ہر اک سانس ہے خار خار گریباں

وفا ہے مری پیش دست سلاسل
ترا پردہ ہے پیش کار گریباں

یہ اڑنے میں چالاک ہر پارہ ہے
رم دشت وحشت شکار گریباں

کبھی کوہ میں دشت میں ہے کبھی
نہیں کچھ گلو پر مدار گریباں

قلقؔ کیوں کے پردہ نہ اٹھتا ہمارا
کہ ہے بخیہ گر راز دار گریباں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse