Jump to content

اب آنکھوں میں خوں دم بہ دم دیکھتے ہیں

From Wikisource
اب آنکھوں میں خوں دم بہ دم دیکھتے ہیں
by میر تقی میر
315351اب آنکھوں میں خوں دم بہ دم دیکھتے ہیںمیر تقی میر

اب آنکھوں میں خوں دم بہ دم دیکھتے ہیں
نہ پوچھو جو کچھ رنگ ہم دیکھتے ہیں

جو بے اختیاری یہی ہے تو قاصد
ہمیں آ کے اس کے قدم دیکھتے ہیں

گہے داغ رہتا ہے دل گا جگر خوں
ان آنکھوں سے کیا کیا ستم دیکھتے ہیں

اگر جان آنکھوں میں اس بن ہے تو ہم
ابھی اور بھی کوئی دم دیکھتے ہیں

لکھیں حال کیا اس کو حیرت سے ہم تو
گہے کاغذ و گہہ قلم دیکھتے ہیں

وفا پیشگی قیس تک تھی بھی کچھ کچھ
اب اس طور کے لوگ کم دیکھتے ہیں

کہاں تک بھلا روؤ گے میرؔ صاحب
اب آنکھوں کے گرد اک ورم دیکھتے ہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.