Jump to content

آخر کو عشق کفر سے ایمان ہو گیا

From Wikisource
آخر کو عشق کفر سے ایمان ہو گیا
by داغ دہلوی
331789آخر کو عشق کفر سے ایمان ہو گیاداغ دہلوی

آخر کو عشق کفر سے ایمان ہو گیا
میں بت پرستیوں سے مسلمان ہو گیا

مے تو حلال ہے جو پئے ڈھب سے بادہ نوش
میں توبہ کر کے اور پشیمان ہو گیا

رندان بے ریا کی ہے صحبت کسے نصیب
زاہد بھی ہم میں بیٹھ کے انسان ہو گیا

اس غنچے میں سمائی ہے وحشت برنگ بو
دل کتنی تنگیوں پہ بیابان ہو گیا

لو اے بتو سنو کہ وہ داغؔ صنم پرست
مسجد میں جا کے آج مسلمان ہو گیا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.