کتاب پیدائش: باب نمبر 46

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

پَیدائش باب 46
(1) اور اِسرائیل اپنا سب کُچھ لے کر چلا اور بیرسبع میں آکر اپنے باپ اِضحاق کے خُدا کے لِئے قُربانیاں گُذرانِیں۔(2) اور خُدا نے رات رویا میں اِسرائیل سے باتیں کِیں اور کہا اَے یعقُوب اَے یعقُوب ! اُس نے جواب دِیا مَیں حاضر ہُوں۔(3) اُس نے کہا مَیں خُدا تیرے باپ کا خُدا ہُوں۔ مِصر میں جانے سے نہ ڈر کِیُونکہ مَیں وہاں تُجھ سے ایک بڑی قَوم پَیدا کرُونگا۔(4) مَیں تیرے ساتھ مِصر کو جاؤنگا اور پھِر تُجھے ضرُور لَوٹا بھی لاؤنگا اور یُوسف اپنا ہاتھ تیری آنکھوں پر لگائے گا۔(5) تب یعقُوب بیرسبع سے روانہ ہُؤا اور اِسرائیل کے بیٹے اپنے باپ یعقُوب کو اور اپنے بال بچّوں اور اپنی بیویوں کو اُن گاڑیوں پر لے گئے جو فرعون نے اُن کے لانے کو بھیجی تھیں۔(6) اور وہ اپنے چوپایوں اور سارے مال و اسباب کو جو اُنہوں نے مُلکِ کنعان میں جمع کِیا تھا لے کر مِصر میں آئے اور یعقُوب کے ساتھ اُس کی ساری اَولاد تھی۔(7) وہ اپنے بیٹوں اوربیٹیوں اور پوتوں اور پوتیوں غرض اپنی کُل نسل کو اپنے ساتھ مِصر میں لے آیا۔(8) اور یعقُوب کے ساتھ جو اِسرائیلی یعنی اُس کے بیٹے وغیرہ مِصر میں آئے اُن کے نام یہ ہیں۔ رُوبِن یعقُوب کا پہلوٹھا۔(9) اور بنی رُوبِن یہ ہیں۔ حنوک اور فلُّو اور حصرون اور کرمی۔(10) اور بنی شمعون یہ ہیں۔ اور یموایل اور یمین اور اُہد اور یکین اور صُحر اور ساؤل جو ایک کنعانی عورت سے پَیدا ہُؤا تھا۔(11) اور بنی لاوی یہ ہیں۔ جیرسون اور قِہات اور مِراری۔(12) اور بنی یہوداہ یہ ہیں۔ عیر اور اونان اور سیلہ اور فارص اور زارح۔ اِن میں سے عیر اور اونان مُلکِ کنعان میں مرچُکے تھے اور فارص کے بیٹے یہ ہیں۔ حصرون اور حمُول۔(13) اور بنی اِشکار یہ ہیں۔ تولع اور فُودہ اور یوب اور سمرون۔(14) اور بنی زبُولُون یہ ہیں۔ سرد اور اَیلون اور یحلی ایل۔(15) یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اُولاد ہیں جو فدّان ارام میں لیاہ سے پَیدا ہُوئے۔ اِسی بطن سے اُس کی بیٹی دِینہ تھی۔ یہاں تک تو اُس کے سب بیٹے بیٹیوں کا شُمار تینتیس ہُؤا۔(16) اور بنی جِدّ یہ ہیں۔ صفیان اور حجّی اور سُونی اور اصبان اور عیری اور ارودی اور اریلی۔(17) اور بنی آشر یہ ہیں۔ یِمنہ اور اِسواہ اور اِسوی اور بریعاہ اور سِرہ اُن کی بہن اور بنی بریعاہ یہ ہیں۔ حِبر اور ملکی ایل۔(18) یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں۔ جو زِلفہ لَونڈی سے پَیدا ہُوئے جِسے لابن نے اپنی بیٹی لیاہ کو دِیا تھا۔ اُن کا شمار سولہ تھا۔(19) اور یعقُوب کے بیٹے یُوسف اور بنیمین راخِل سے پَیدا ہُوئے تھے۔(20) اور یُوسف سے مُلکِ مِصر میں اون کے پُجاری فوطیفِرع کی بیٹی آسناتھ کے منسّی اور افرائیم پَیدا ہُوئے۔(21) اور بنی بنیمین یہ ہیں۔ بالع اور بکر اشبیل اور جیرا اور نعمان اخی اور روس مُفیمّ اور حفیمّ اور ارد۔(22) یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اُولاد ہیں جو راخِل سے پَیدا ہُوئے۔ یہ سب شُمار میں چَودہ تھے۔(23) اور دان کے بیٹے کا نام حشیم تھا۔(24) اور بنی نفتالی یہ ہیں۔ یحصی ایل اور جُونی اور یِصر اور سلیم۔(25) یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو بِلہاہ لَونڈی سے پَیدا ہُوئے جِسے لابن نے اپنی بیٹی راخِل کو دِیا تھا۔ اِن کا شُمار سات تھا۔(26) یعقُوب کے صُلب سے جو لوگ پَیدا ہُوئے اور اُس کے ساتھ مِصر میں آئے وہ اُس کی بہوؤں کو چھوڑ کر شُمار میں چھیاسٹھ تھے۔(27) اور یُوسف کے دو بیٹے تھے جو مِصر میں پَیدا ہُوئے۔ سو یعقُوب کے گھرانے کے لوگ مِصر میں آئے وہ سب مِل کر ستّر ہُوئے۔(28) اور اُس نے یہوداہ کو اپنے سے آگے یُوسف کے پاس بھیجا تاکہ وہ اُسے جشن کا راستہ دِکھائے اور وہ جشن کے علاقہ میں آئے۔(29) اور یُوسف نے اپنا رتھ تیّار کروا کے اپنے باپ اِسرائیل کے اِستقبال کے لِئے جشن کو گیا اور اُس کے پاس جاکر اُس کے گلے سے لِپٹ گیا اور وہیں لِپٹا ہُؤا دیر تک روتا رہا۔(30) تب اِسرائیل نے یُوسف سے کہا اب چاہے مَیں مرجاؤں کِیُونکہ تیرا مُنہ دیکھ چُکا کہ تُو ابھی جِیتا ہے۔(31) اور یُوسف نے اپنے بھائیوں سے اور اپنے باپ کے گھرانے سے کہا مَیں ابھی جاکر فرعون کو خبر کردُونگا اور اُس سے کہہ دُونگا کے میرے بھائی اور میرے باپ کے گھرانے کے لوگ جو کنعان میں تھے میرے پاس آگئے ہیں۔(32) اور چَوپان ہیں کِیُونکہ برابر چَوپایوں کو پالتے آئے ہیں اور وہ اپنی بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور جو کُچھ اُن کا ہے سب لے آئے ہیں۔(33) پس جب فرعون تُم کو بُلاکر پُوچھے کہ تُمہارا پیشہ کیا ہے؟۔(34) تو تُم یہ کہنا کہ تیرے خادِم ہم بھی اور ہمارے باپ دادا بھی لڑکپن سے لے کر آج تک چَوپائے پالتے آئے ہیں۔ تب تُم جشن کے علاقہ میں رہ سکو گے اِس لِئے کے مِصریوں کو چَوپانوں سے نفرت ہے۔