مشہور چمن میں تری گل پیرہنی ہے

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
مشہور چمن میں تری گل پیرہنی ہے
by میر تقی میر

مشہور چمن میں تری گل پیرہنی ہے
قرباں ترے ہر عضو پہ نازک بدنی ہے

عریانیٔ آشفتہ کہاں جائے پس از مرگ
کشتہ ہے ترا اور یہی بے کفنی ہے

سمجھے ہے نہ پروانہ نہ تھامے ہے زباں شمع
وہ سوختنی ہے تو یہ گردن زدنی ہے

لیتا ہی نکلتا ہے مرا لخت جگر اشک
آنسو نہیں گویا کہ یہ ہیرے کی کنی ہے

بلبل کی کف خاک بھی اب ہوگی پریشاں
جامے کا ترے رنگ ستم گر چمنی ہے

کچھ تو ابھر اے صورت شیریں کہ دکھاؤں
فرہاد کے ذمے بھی عجب کوہ کنی ہے

ہوں گرم سفر شام غریباں سے خوشی ہوں
اے صبح وطن تو تو مجھے بے وطنی ہے

ہر چند گدا ہوں میں ترے عشق میں لیکن
ان بو الہوسوں میں کوئی مجھ سا بھی غنی ہے

ہر اشک مرا ہے در شہوار سے بہتر
ہر لخت جگر رشک عقیق یمنی ہے

بگڑی ہے نپٹ میرؔ تپش اور جگر میں
شاید کہ مرے جی ہی پر اب آن بنی ہے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse