عدوئے جاں بت بے باک نکلا

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
عدوئے جاں بت بے باک نکلا
by وزیر علی صبا لکھنؤی
303399عدوئے جاں بت بے باک نکلاوزیر علی صبا لکھنؤی

عدوئے جاں بت بے باک نکلا
بڑا قاتل بڑا سفاک نکلا

صنوبر قد کشی میں خاک نکلا
وہ سرو قد چمن کی ناک نکلا

فرشتوں کو کیا مات آدمی نے
قیامت کا یہ مشت خاک نکلا

اڑا دی قید مذہب دل سے ہم نے
قفس سے طائر‌ ادراک نکلا

محبت سے کھلا حال زمانہ
یہ دل لوح طلسم خاک نکلا

نکل آئی فلک کی دور سے روح
بھنور سے خوب یہ تیراک نکلا

وہ پژمردہ تھا فصل گل جو آئی
چمن سے صورت خاشاک نکلا

شکار افگن میں دل کو جانتا تھا
غزال بستۂ فتراک نکلا

مرے ہم آرزو ان کی بر آئے
ہمارا حوصلہ کیا خاک نکلا

جنوں میں باغ عالم کو جو دیکھا
عجب صحرائے وحشت ناک نکلا

نکلتی ہے بدن سے جس طرح روح
ترے گھر سے میں یوں غم ناک نکلا

تمہارے قد سے کچھ کم سرو ٹھہرا
صنوبر تو بہت کاواک نکلا

ہماری سادہ لوحی کام آئی
حساب روز محشر پاک نکلا

ترارہ پھرتے ہی پہنچا عدم میں
سمند عمر کیا چالاک نکلا

بھرے لڑکوں نے دامن پتھروں سے
جہاں تیرا گریباں چاک نکلا

مٹایا دور ساقی محتسب نے
عدو جمشید کا ضحاک نکلا

صباؔ ہم حشر کو مجرم جو نکلے
شفاعت کو شہ‌ لولاک نکلا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse