دل ہے تو ترے وصل کے ارمان بہت ہیں

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search
دل ہے تو ترے وصل کے ارمان بہت ہیں
by حفیظ جونپوری
299681دل ہے تو ترے وصل کے ارمان بہت ہیںحفیظ جونپوری

دل ہے تو ترے وصل کے ارمان بہت ہیں
یہ گھر جو سلامت ہے تو مہمان بہت ہے

میں داد کا خواہاں نہیں اے داور محشر
آج اپنے کیے پر وہ پشیمان بہت ہیں

دل لے کے کھلونے کی طرح توڑ نہ ڈالیں
ڈر مجھ کو یہی ہے کہ وہ نادان بہت ہیں

وہ پھول چڑھاتے ہیں دبی جاتی ہے تربت
معشوق کے تھوڑے سے بھی احسان بہت ہیں

تم کو نہ پسند آئے نہ لو پھیر دو مجھ کو
اس دل کے خریدار مری جان بہت ہیں

ڈانٹا کبھی غمزے نے کبھی ناز نے ٹوکا
خلوت میں بھی ساتھ ان کے نگہبان بہت ہیں

خالی بھی کوئی دل ہے وہاں عشق صنم سے
کہنے کو تو کعبے میں مسلمان بہت ہیں

شاید یہ اثر ہو میری آہ سحری کا
کچھ صبح سے وہ آج پریشان بہت ہیں

کیا شب کو حفیظؔ ان سے یہیں وصل کی ٹھہری
آج آپ کے گھر عیش کے سامان بہت ہیں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse