کہ وہ صاحبِ جمال کہ جس کی طرف دِل صاحب کا مائل ہے تشریف لاوے تو بڑی بات ہے۔اگر فرماؤ تو آدمی بُلانے کی خاطر جاوے٠یہ سُنتے ہی خوش ہو کر بولا بہت اچھا۔اِس وقت تُم نے میرے دل کی بات کہی٠ مین نے ایک خوجے کو بھیجا۔ جب آدھی رات گئی وہ چڑیل خاصے چوڈول پر سوار ہو کر بلائے ناگہانی سی آ پہنچی٠
فقیر نے لاچار مہمان کی خاطر سے استقبال کر کر نہایت تپاک سے برابر اُس جوان کے لا بٹھایا٠ جوان اُس کے دیکھتے ہی ایسا خوش ہوا جیسے دُنیا کی نعمت ملی٠وُہ بُھتنی بھی اُس جوان پریزاد کے گلے لپٹ گئی۔ سچ مچ یہ تماشا ہوا جیسے چودھوین رات کے چاند کو گہن لگتا ہے٠جتنے مجلس مین آدمی تھے۔اپنی اپنی اُنگلیان دانتون مین دابنے لگے ۔ کہ کیا کوئی بلا اِس جوان پر مسلط ہوئی؟سب کی نگاہ اُسی طرف تھی۔تماشا مجلس کا بھول کر اُس کا تماشا دیکھنے لگے٠ایک شخص کنارے سے بولا۔یارو! عِشق اور عقل مین ضد ہے۔جو کچھ عقل مین نہ آوے یہ کافر عشق کر دِکھاوے۔ لیلیٰ کو مجنون کی آنکھون سے دیکھو٠