بزم آخر/رجب

From Wikisource
Jump to navigation Jump to search

رجب


اس مہینے کے پہلے یا دوسرے یا تیسرے یا چوتھے جمعہ کو مُردوں کی تبارک ہوتی ہے۔ دیکھو! گھی، کھانڈ اور میدے کی میٹھی روٹیاں، اوپر سونف اور خشخاش لگا کے تندور سے پکوائیں۔ سورۂ تبارک جو قرآن شریف میں ہے، چالیس دفعہ پڑھوائی، ایک ستھری چوکی پر دستر خوان بچھایا، اُس پر روٹیاں رکھیں۔ کوری بدھنیوں میں پانی بھر کر اور جوڑا، تسبیح، مسواک، جانماز، کنگھی، جوتی کشتی میں لگا کے پاس رکھا۔ اگر سوز لوبان روشن کیا، نیاز ہوئی؛ بدھنیاں اور جوڑا اور چوتھائی روٹیاں مسجدوں میں بھیج دیں، باقی سب کو تقسیم ہو گئیں؛ اس کو “تَبارک” کہتے ہیں۔ اسی مہینے میں حضرت جلال بخاری کے کونڈے ہوتے ہیں۔ دیکھو بڑے بڑے کونڈے مٹی کے آئے؛ پلاؤ، زردہ، کھیر اُن میں بھر کر نیاز دے کر لٹوا دیے۔